سب اتنی اچھی اچھی پوسٹیں لگا رہے ٹپس دے رہے سوچا میں بھی کچھ ٹپس دوں۔ یہ پوسٹ صرف خواتین کیلئے ہے مرد اپنی باری کا انتظار کریں۔
ٹماٹر کے بغیر سالن بنانے کا طریقہ۔
اکثر ٹماٹر مہنگے ہوجاتے ہیں تو قوت خرید سے باہر چلے جاتے ہیں۔ سالن گاڑھا نہیں ہوتا تو ایسی صورت میں اپنے شوہر ابا بھائی جو سودا لائے اسے سختی سے کہیں کہ ٹماٹر بنا سالن نہیں بنے گا پھر بھی اگر وہ ٹماٹر نہ لائیں تو آپ سالن بنائیں جیسے بھی گھر میں سالن بناتئ ہیں وہی طریقہ اپنائیں اور ٹماٹر نہ ڈالیں۔ ٹماٹر کے بغیر سالن تیار ہوگا۔
نمک تیز ہوجائے سالن میں ۔۔
پانی اور ڈال لیں۔ بوٹیاں نکال کر نیا سالن بنا لیں۔ یا تیز نمک کے ساتھ ہی دے دیں گھر والے کم کھائیں گے اگلے وقت بھی یہی سالن چل جائے گا۔
آٹا نہ گوندھنے کا طریقہ
بازو میں درد ہے کا بہانہ بنا کر گھر کی باقی ماندہ خواتین سے روز آٹا گندھوائیں کم از کم اتنے دن کہ انکی ذمہ داری بن جائے آٹا گوندھنا۔ اگر اکیلی خاتون ہوں تو میاں سے گندھوائیں اور آہستہ آہستہ باور کرائیں کہ آٹا گوندھنے کی مشین بہت ضروری ہوگئ ہے
جب تک ہاں نہ کرلیں میاں تب تک نہ بازو کا درد ختم کریں نہ میاں سے اٹا گندھوانا بند کریں۔ ہاں بیچ بیچ میں ان پر ہی احسان دھر کر باہر سے روٹی منگوائی جا سکتی ہے۔ یہی طریقہ روٹی میکر منگوانے کیلئے بھی اختیار کیا جا سکتا ہے مگر خیال رہے ہلکا ہاتھ رہے آپکا گھر اجاڑنا تھوڑی ہے۔
ماسی سے کام کروانے کا طریقہ
سب سے آسان ماسی رکھ لیں۔ باقی گھر والوں کی باتیں ایک کان سے سن کر دوسرے سے نکال دیں اور کہیں کہ تنخواہ میں خود دیا کروں گی۔ اپنے جیب خرچ سے ایک دو مہینے اسکی تنخواہ نکال لیں ماسی کی بالکل برائی نہ کریں اسکے ہر کام پر وہ جیسا بھی کرے بالکل اعتراض نہ کریں بلکہ تعریف کریں۔ پھر جب گھر والے ہار مان لیں کہ ماسی رہے گی ہی اب اسکے ساتھ ہی زندگی گزارنی ہے تب ماسی کے کاموں میں کیڑے نکالیں۔ اپنے پیسے کہیں رکھ کر بھول جانے کا بہانہ بنائیں میاں سے ادھار لیکر تنخواہ دیں یہ ادھار واپس ہرگز نہیں کرنا آپ نے ۔ اگر میاں تب بھی ماسی کی تنخواہ نکالنے پر تیار نہ ہوا کریں تو گھر کے کسی اور خرچ سے نکالیں یا میاں کو کسی اور خرچ کا بہانہ کرکے پیسے نکلوایا کریں۔ یاد رہے یہ سب کام کرتے تک ماسی کی برائی نہیں کرنی جب ماسی مستقل ہوجائے تب جتنے چاہے کیڑے نکال لیا کریں کیونکہ اسے اب تم ہڈ حرامی کی عادت پڑ چکی ہوگی اسے بھی تو ٹھیک کرنا ہوگا۔
برتن نہ دھونے کا طریقہ
کانچ کے نکال نکال کے دھوئیں۔ اگر مشترکہ خاندانی نظام تو برتن دھوتے اپنی جٹھانی دیورانی کے برتن پہلے دھوئیں دھوتے ہوئے گھر کے مردوں کو ضرور پتا لگنا چاہیئے کہ برتن دھوئے جا رہے ہیں۔ ایک آدھ توڑ بھی دیں تو بھی چلے گا آئندہ جٹھانی دیورانی اپنے جہیز کے برتن ضرور آپ سے نہیں دھلوائیں گی۔ چھوٹا موٹا جھگڑا ہو جائے تو گھر میں میاں موجود ہوں تب بالکل خاموش رہیں ہوسکے تو رو بھی لیں۔ میاں کی غیر موجودگی میں جتایا جا سکتا ہے کہ ذرا سا گلاس ٹوٹنے پر کتنا تھڑدلا پن دکھایا گیا ہے۔
دودھ ختم نہ ہونے کا طریقہ
کم سے کم استعمال کیا کریں۔ خاص کر چائے کیلئے۔
سب کو دو ایک دن خوب گندی کالی چائے پلائیں دودھ گلاس میں بھر کر اپنے بچوں کو چپکے سے بلا کر زبردستی پلادیں یاد رہے بچے شور کرتے ہیں دودھ پیتے تو احتیاطا چپیڑ پہلے لگا دیں یا خود ہی پی لیں دودھ۔ اور حیران ہوں کہ دودھ کم پڑ نے لگا ہے کیسے بھلا ؟
کالی چائے پیتے ہوئے بار بار سب کو جتائیں کہ اگر دودھ ذیادہ ہوتا تو اچھی چائے بن جاتی اتنا یہ جملہ دہرائیں کہ کالی چائے پینے والوں میں سے کسی کو شرم آجائے اور دودھ ذیادہ لانا شروع کردیں۔
ابھی اتنی ہی ٹپس لکھنے میں تھک گئ مزید اچھی ٹپس چاہیئے تو کمنٹ کرو کس بارے میں ٹپ چاہیئے اگلی بار اس پر لکھ دوں گی
حاصلِ کلام (Conclusion)
یہ تمام ٹوٹکے محض تفریح اور طنز و مزاح کے لیے ہیں، لیکن ان میں چھپی دیسی گھرانوں کی کہانیاں ہر عورت کی زندگی کا حصہ ہیں۔ اگر آپ کو یہ مزاحیہ ٹپس پسند آئی ہیں تو کمنٹ سیکشن میں بتائیں کہ اگلی بار آپ کو کس موضوع پر “عقل مندانہ” مشورہ چاہیے!
